جمعرات 8 اکتوبر 2026 - 23:51
مسلط کردہ دوسری اور تیسری جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران کی پولیس فورس کا کردار مزید نمایاں ہوا

حوزہ/ رہبر انقلاب اسلامی نے ہفتۂ پولیس فورس کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسلط کردہ دوسری اور تیسری جنگ میں ملک میں سیکورٹی کے قیام میں پولیس فورس کے زبردست اثر کی نشانیاں مزید نمایاں ہو گئيں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی نے ہفتۂ پولیس فورس کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسلط کردہ دوسری اور تیسری جنگ میں ملک میں سیکورٹی کے قیام میں پولیس فورس کے زبردست اثر کی نشانیاں مزید نمایاں ہو گئيں۔

رہبر انقلاب کا پیغام حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

امن و سلامتی، خداوند عالم کی اہم ترین نعمتوں میں سے ایک ہے اور ایران عزیز کے مختلف علاقوں میں اس کی فراہمی، بڑے شہروں سے لے کر دیہاتوں اور محلوں کی آبادی کی سب سے چھوٹی اکائیوں تک، دشوار موسمی حالات اور مختلف جغرافیائی خطوں میں پہاڑوں سے لے کر سمندروں تک، میدانوں اور جنگلات سے لے کر ملک کے سب سے مرکزی علاقوں تک، انتہائي دشوار اور ملک کی سلامتی کے مضبوط ستونوں میں سے ایک کی حیثیت سے پولیس فورس کے فداکار اور محنتی اہلکاروں کی شجاعت اور بہادری کا ثمرہ ہے۔

یہ سیکورٹی، معاشرے میں سماجی، اخلاقی اور عمومی آسودگی کے مختلف پہلو فراہم کرتی ہے اور ایسی گراں قدر خدمت، جہاد فی سبیل اللہ کے علاوہ مضبوط سماجی پشت پناہی کی بھی حامل ہے۔ حالیہ برسوں میں کمانڈ اور اسٹاف کے مختلف درجات سے لے کر تھانوں اور چوکیوں تک، سیکورٹی کو یقینی بنانے میں پولیس فورس کا اہم کردار مزید نمایاں ہو گیا ہے اور اس اثر کی نشانیاں دوسری اور تیسری مسلط کردہ جنگوں میں مزید آشکار ہو گئيں۔ مجرم امریکی و صیہونی دشمن کا پولیس فورس کے مختلف درجات، اعلیٰ ترین سطح سے لے کر اس کی نچلی ترین سطح کے اہلکاروں تک کو نشانہ بنانے پر بھرپور توجہ نے اس فورس کی اہمیت کو پہلے سے زیادہ نمایاں کر دیا۔ تاہم سماج کے نظم و ضبط اور سلامتی کی بنیادوں کے خلاف یہ لاحاصل کوشش اور خبیثانہ حملے، جن کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، اپنی ذمہ داری سے پولیس فورس کے بہادر اہلکاروں کے ذرہ بھر پیچھے ہٹنے کا سبب نہیں بنے بلکہ انھوں نے سڑکوں اور گاڑیوں تک میں بھی وہی کردار اور ذمہ داریاں انجام دیں جو وہ اپنے مراکز میں انجام دیتے تھے۔

اسی لیے مظلوم اور مقتدر ایرانی قوم، ملک کی سلامتی کے خدمت گزاروں کی مسلسل زحمتوں اور کوششوں کی قدر داں ہے اور اس کے مقابلے میں پولیس فورس کے اہلکار بھی، جو فوج اور سپاہ کی طرح معاشرے کے دل کی گہرائیوں سے باہر آتے ہیں، اپنے اعتماد پیدا کرنے والے رویے سے اس گراں قدر ادارے پر عوام کے بھروسے کو مزید مستحکم بنا سکتے ہیں۔ ممکن ہے بہت دفعہ سلامتی کے محافظوں کی زحمتوں اور قربانیوں کو بعض عام افراد معمولی سمجھیں اور یہی مظلومیت اور گمنامی ہے جو خداوند عالم کے نزدیک ان کے اجر میں اضافہ کرتی ہے۔ مختلف انسانی، ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر پہلوؤں سے سلامتی کے محافظ اہلکاروں کی ہمہ گیر تقویت، بالخصوص ٹیکنالوجیز میں پیشرفت، جن میں ڈیٹا کے تجزیے میں مصنوعی ذہانت کا اسمارٹ استعمال بھی شامل ہے، پولیس فورس کی ذمہ داریوں کے معیار اور ان کی انجام دہی کو آسان بنانے میں اہم کردار کی حامل ہے ہے۔

پولیس فورس کے بلند مرتبہ شہداء کے درجات کی بلندی اور رضوان الہی کی دعا اور پولیس فورس کے تمام اہل خانہ، اہلکاروں، سپاہیوں اور بہادر و غیور جوانوں، بالخصوص اس فورس کے بہادر، انتھک اور ذہین کمانڈر اور ان کی مجاہدتوں کی قدردانی کے ساتھ مجھے امید ہے کہ ہمارے سرور و آقا امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، کی دعا کے طفیل وہ اسلامی مملکت ایران کی سلامتی، اقتدار اور عزت کی سربلندی میں پہلے سے زیادہ کامیاب ہوں گے۔

سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای

8 اکتوبر 2026

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha